مڈکیری :15/ جولائی(ایس او نیوز)ڈی وائی ایس پی ، ایم کے گنپتی کے خودکشی معاملے کی جانچ سی بی آئی کو سونپنے کا مطالبہ کرتےہوئے سنگھ پریوار کی طرف سے جمعرات کو اعلان کیا گیا کورگ بند پرامن رہا۔ مگر ضلع کے مختلف علاقوں میں سنگھ پریوار کے کارکنوں کی جانب سے سڑک کو صبح چھ بجے سے شام چھ بجے تک بلاک کئے جانے سے لوگوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پرا۔ مڈکیری کے تمپا سرکل پر سنگھ پریوار کے مٹھی بھر کارکنوں نے صبح سے شام تک روڈ کو بلاک کیا، جس کے نتیجے میں مڈکیری سے منگلور جانے والی سڑک بند رہی اور سڑک کے دونوں طرف سواریوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ یہاں سنگھ پریوار کے کارکنوں نے مڈکیری سے باہر جانے والی اور اندر کی طرف آنے والی سواریوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کے آٹو رکشہ اور بائک کو بھی متعلقہ سرکل سے گذرنے کی اجازت نہیں دی۔
تمپا سرکل پر پولس کی بھاری تعداد میں موجودگی میں احتجاجیوں نےوزیراعلیٰ سدرامیا کا پتلہ بناکرجنازہ کی شکل دے کرچار کندھوں میں اُٹھاتے ہوئے سڑک کے بیچوں بیچ رکھ کر اس کا انتم سنسکار کیا۔ اس موقع پر سرکل کے درمیان ٹائروں کو جلایا گیا تھا اور راستوں میں رکائوٹیں پیدا کی گئی تھی۔ روڈ مکمل طور پر بلاک کئے جانے سے بس اسٹانڈوں میں بسیں غائب رہیں اور مسافرپریشان نظر آئے۔ الغرض بند کے نتیجے میں معمول کی زندگی درہم برہم رہی۔